اسلام آباد(اے این این) الیکشن کمشن نے شام 7 بجے سے پہلے انتخابی نتائج کے اعلان پر پابندی عائد کردی ہے۔اسلام آباد میں چیئرمین پیمرا نے چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشن سے ملاقات کی جس میں انتخابی نتائج کا شام 7 بجے سے پہلے اعلان کرنے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین پیمرا سے ملاقات میں سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ پیمرا الیکشن کمشن کے میڈیا کوڈ آف کنڈیکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائے جب کہ اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے انتخابات کے شفاف انعقاد میں تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمشن نے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی کیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق 25 جولائی کو پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10گھنٹے تک جاری رہے گا، رجسٹرڈ ووٹر صبح 8 سے شام 6 بجے تک حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔
انتخابی نتائج