لاہور(کامرس رپورٹر)بیرون ملک سے سرکاری وصولیوں کے باعث ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 34 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو گیا ہے تاہم مالی سال کے دوران مجموعی طور پر سٹیٹ بینک کے پاس ڈالروں میں 6 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمی ہوئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جون کے آخری ہفتے میں سرکاری وصولیوں کے باعث سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 12 کروڑ 63 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ اس دوران کمرشل بینکوں کے پاس ڈالروں میں بھی 1 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے جون کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 14 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 16 ارب 38 کروڑ 57 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے پاس 9 ارب 78 کروڑ 88 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب 59 کروڑ 69 لاکھ ڈالر ہو گئے تاہم مالی سال کے آخری ہفتے میں ہونے والے اضافے کے باوجود سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 6 ارب 35 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔