رحیم یارخان+لاہور(آئی این پی+خصوصی رپورٹر) قومی شاہراہ پر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ 9 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان کے نواحی علاقہ فتح پورپنجابیاں کے قریب قومی شاہراہ پرمسافر بس اور ٹرک میں تصادم ہوگیا۔ تصادم کے نتیجے میں دو خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 9 شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو موٹروے اورپنجاب پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو نے جائے حادثہ کو کارڈن آف کرکے امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے نعشوں اورزخمیوں کو شیخ زائد ہسپتال منتقل کردیا۔موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ موٹرسائیکل کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔ حادثے کا شکار بس کا ملبہ ہٹا کر قومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا۔نگران وزیر اعلی ٰنے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہا رکیاہے۔