اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک سے ملاقات کی۔ سرکاری طورپر اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو نیب کی کارکردگی‘ کرپشن کے خاتمہ کے لیے ادارے کی کوششوں‘ الیکشن کے انعقاد تک انتخابی امیدواروں کی عدم گرفتاری اور دوسرے امور کے بارے میں بتایا‘ دریں اثناء قطر کے وزیر تجارت اور معیشت شیخ احمد بن جاسم بن محمد الثانی نے نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کی بہت اہمیت ہے۔ قطر کے لیے چاول کی برآمد‘ ورک ویزا‘ تربیت یافتہ اور غیر تربیت یافتہ لیبر کی برآمد‘ ادویات‘ خوراک کی پراسیسنگ کے امور پر بات چیت کی گئی۔ باہمی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ملکوں میں ’’بزنس ٹو بزنس‘‘ رابطہ کو بڑھایا جائے گا۔ قطر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو دیکھے گا۔ 2022ء میں قطر میں فٹ بال کا عالمی کپ مقابلہ ہوگا۔ جو معاشی تعلقات بڑھانے کے بہت اچھا ذریعہ بن سکتا ہے۔