مظفرگڑھ(نامہ نگار) خواتین امیدواروں کو ووٹ دینا حرام قرار دینے والے سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگی امیدوار الیکشن کمشن کے نوٹس لینے کے باوجود بھی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش نہ ہوئے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے پاس داخل کرائے گئے جواب میں وکیل نے ہارون سلطان بخاری کی ویڈیو کو جعلی اور سیاسی مخالفین کی سازش قرار دیا۔ الیکشن کمشن نے گزشتہ روز معاملے کا سخت نوٹس لیا تھا، الیکشن کمشن کے نوٹس لینے کے بعد ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر قیصر سلیم نے ہارون سلطان بخاری کو شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے گزشتہ روز دس بجے طلب کیا تھا۔ ہارون سلطان بخاری گزشتہ سماعت میں پیش نہ ہوئے، انکے وکیل خالد جاوید بخاری ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر قیصر سلیم کے سامنے پیش ہوئے۔ وکیل کے ذریعے جمع کرائے جانے والے اپنے جواب میں ہارون سلطان بخاری نے ویڈیو جعلی قرار دے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مخالفین نے ایڈیٹنگ کی ہے اور ویڈیو میں ان کی آواز نہیں بلکہ مخالفین نے سازش کے تحت جعلی ویڈیو وائرل کی۔ ہارون سلطان بخاری کا اپنے جواب میں کہنا تھا کہ وہ خواتین کا احترام کرتے ہیں، انہوں نے ویڈیو کے فرانزک ٹیسٹ کا مطالبہ کیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ ویڈیو کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوادی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ہارون سلطان بخاری کو 12 جولائی کو دوبارہ طلب کرلیا۔
’’خواتین کا احترام کرتا ہوں‘‘ ہارون سلطان بخاری نے ویڈیو جعلی قرار دیدی
Jul 06, 2018