اسلام آباد(آئی این پی)الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں خریدوفروخت کا بیان دینے سے متعلق درخواست خارج کردی،درخواست فریقین کی جانب سے کیس کی عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی گئی۔جمعرات کو الیکشن کیمشن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے چئیرمین سینٹ کے الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے بیان سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی،سماعت کے دوران درخواست گزار عمران خان اور شاہد خاقان عباسی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے جبکہ فریقین کی جانب سے وکلا بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہو سکے۔الیکشن کمیشن نے فریقین کی جانب سے کیس کی عدم پیروی کی بنیاد پر درخواست خارج کر دی۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دائر کی تھی جس میں انہوں نے چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے بیان پر شاہد خاقان کو الیکشن کمیشن میں طلب کر نے کی استدعا کی تھی۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف سے امیدواروں سے حلف نامے لینے سے متعلق معاملے پر 9جو لائی تک تحریری جواب طلب کر لیا۔سماعت کے دوران درخواست گزار ملک محمد منیر اور را وقاص ارشاد کے وکیل طاہر جمیل بٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان کے ایسوسی ایٹ وکیل الیکشن کمیشن پیش ہوئے ۔بابر اعوان کے ایسوسی ایٹ وکیل نے کہا کہ بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروف ہیں،کچھ وقت دیا جائے۔درخواست گزار کے وکیل طاہر جمیل بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی حلف ناموں سے متعلق کیس میں تاخیر حربے استعمال کر رہی ہے،انہوں نے قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے۔ یہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں سے حلف نامے لینے سے متعلق تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔