لاہور (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں جون کے مہینے میں سات سو تہتر نئی کمپنیاں رجسٹرکی گئیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اٹھائیس فیصد زیادہ ہے۔ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد ستاسی ہزار چھ سو بائیس ہو گئی ہے۔کمپنیوں کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی سے رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ رجسٹریشن حاصل کرنے والی ستتر فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ اکیس فیصد سنگل ممبر اور دو فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک لسٹڈ، غیر منافع بخش اور ٹریڈ آرگنائزیشزز، لمیٹڈ لائبلٹی اورغیر ملکی کمپنیوں کے طور پر رجسٹریشن حا صل کی۔ اس ماہ سب سے زیادہ رجسٹریشن خدمات کے شعبے میں ہوئی جہاں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کی تعداد ایک سو تیرہ رہی۔ ٹریڈنگ کے شعبے میں ایک سو چار کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں چورانوے ،تعمیرات میں بیاسی کمپنیاں، سیاحت میں سینتیس، خوراک و مشروبات میں اٹھائیس ، رئل اسٹیٹ میں ستائیس، انجنیئرنگ میں بائیس، براڈکاسٹنگ اینڈ ٹیلی کاسٹنگ، تعلیم اور ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ، ہر ایک شعبے میں انیس کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ کارپوریٹ ایگریکلچرل میں سترہ، ٹرانسپورٹ، آٹو اینڈ الائیڈ اور ٹیکسٹائل، ہر ایک شعبے میں سولہ کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ دواسازی میں پندرہ کمپنیاں، کمیونیکیشن میں بارہ صحت میں گیارہ جبکہ پچانوے کمپنیوں نے دیگر شعبوں میں رجسٹریشن حاصل کی۔