لندن (سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کے آل رائونڈر شعیب ملک نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلتا رہوں گا، آج افسردہ بھی ہوں اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے مطمئن بھی ہوں۔ کسی فارمیٹ میں کسی سے مقابلہ نہیں کرتا، آئندہ سال آسٹریلیا میں پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کھیلوں گا۔ پریس کانفرنس میں شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا کہا تھا اور آج اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے اعلان کرتا ہوں۔میرا فوکس اب ٹی ٹونٹی پر ہوگا اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گذاروں گا۔ سرفراز احمد کو رکھنا ہے یا کسی اور کو لانا ہے، پی سی بی کو کپتان کا تقرر طویل المعیاد بنیادوں پر کرنا ہوگا۔کپتان کو زیادہ وقت ملے گا تو کارکردگی میں تسلسل آئے گا۔ بیس سالہ ون ڈے کیر یئر کے دوران جس نے بھی ساتھ دیا ہے اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آئی سی سی چیمہنز ٹرافی کی جیت یادگار ہے۔ ورلڈ کپ کھیلنے کے بہت مواقع ہیں اپنے ملک کی جانب سے کھیلنے کو اعزاز سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ان آوٹ ہوتا رہا نمبر تبدیل ہوتا رہا، نوجوان کرکٹرز کو سپورٹ کی ضرورت ہے۔ کھلاڑی ٹیم سے اندر باہر ہورہے ہیں اس لئے سٹار نہیں بن رہے۔عمران خان ٹیم اور سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لئے وقت چاہیے ون ڈے رینکنگ میں چھ پر ہیں اور مقابلہ دنیا کی صف اول کی ٹیموں سے کررہے ہیں۔