سرینگر(اے این این )بھارتی فوج کا سیب کے باغات پر دھاوا،فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ،متعدد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح بھارتی فوج نے شوپیاں میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا ہے جبکہ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔بھارتی فورسز کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر علاقے میں محاصرے میں لے کر کی گئی۔بھارتی فوج کو اطلاع ملی تھی کہ شوپیاں میں امام صاحب کے علاقے میں مجاہدین نے پناہ لے رکھی ہے ہے جس پر علاقے میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل کر کے علاقے میں محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا اس دوران گاؤں نرونی میں سیب کے باغات میں جھڑپ ہوئی جس میں ایک نوجوان شہید ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شدید احتجاج کیا۔اس دوران لوگوں نے قابض اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے مظاہرین پر بھی آنسو گیس اور لاٹھی چارج کے علاوہ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔بھارتی فوج نے سیب کے باغات کو بھی نقصان پہنچایا اور فائرنگ کر کے پھل تبا ہ کر دئیے۔اس دوران علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس کے باعث دکانیں ،بازار اور تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے جبکہ انٹر نیٹ اور موبائل سروس پہلے ہی معطل تھی۔ادھر کرناہ سیکٹر میں فوج کیساتھ کام کررہا ایک مزدور پیر پھسلنے سے کھائی میں گر کر ہلاک ہوا۔دوسری جانب بھارتی فوج کا ایک اور ڈرامہ پلاپ‘ کشتواڑہ میں چینی ساختہ ڈرون بچے کا کھلونا نکلا۔ گزشتہ روز کشتواڑہ جیل کے قریب سے برآمد ہوا۔ تباہ شدہ چینی ساخت ڈرون ایک مقامی لڑکے کا تھا جسے اس نے آن لائن خریدا تھا۔ امرناتھ یاترا کے چوتھے روز 16,789 یاتریوں نے گھپا کے درشن کئے۔
مقبوضہ کشمیر: ایک اور نوجوان شہید، مظاہرے جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی
Jul 06, 2019