مریدکے: تار گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق، 15 افراد شدید زخمی

Jul 06, 2019

مریدکے ، فیروز والہ (نامہ نگاران) مریدکے کی نواحی آبادی ڈیرہ الاٹیاں آہدیاں میں 11کے وی کے تار گرنے سے 2افراد جاںبحق ،15زخمی ،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے منتقل ۔بتایا گیا ہے کہ نواحی آبادی آہدیاں گائوں کے ساتھ واقع ڈیرہ الاٹیاں میں رات کے وقت 11کے وی کے تار گرمی سے ٹوٹ کر زمین پر گر گئے جسے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹھیک کرنے کی کوشش کی لوگ تاروں کو جوڑ رہے تھے کہ اچانک کرنٹ آ جانے سے دس کے قریب افراد جھلس گئے جس کے نتیجہ میں دو افراد محمد بلا ل،محمد علی ہسپتال لے جاتے ہوئے جاں بحق جبکہ پندرہ افراد شدید زخمی جن کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ریسکیو1122نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا ۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ تار گرمی کی وجہ سے ٹوٹ گئے تھے جن کو ہم لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹھیک کرنے کی کوشش کی اور کرنٹ آگیا ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر مریدکے ڈاکٹر عدنان القمر نے ہسپتال میں ایمرجنسی میں باقی عملہ کو فوری طور پر بلا کر طبی امداد فراہم کی جس کی وجہ سے درجن کے قریب افراد کی جانیں بچا لیں گئی جبکہ زخمی افراد میں تین افتخار احمد ،عرفان احمد ،فاروق احمد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ایس ای شیخوپورہ محمد حفیظ خاں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واپڈا اہلکاروں کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت اور رپورٹ طلب کی ۔ایس ای شیخوپورہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل علاقہ کو چاہیے کہ تاروں کے نزدیک نہ جائیں ان میں بہت خطرہ ہے۔تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچ سکیں۔

مزیدخبریں