پاکستان،روس کے درمیان سیاسی مشاورت کا چوتھا دور، پارلیمانی روابط بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(آئی این پی ) ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) ظہیراے جنجوعہ نے روسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کار ی کی دعوت د یتے ہوئے کہا ہے کہ روسی کمپنیاں توانائی، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، تیل وگیس اور سیاحت کے شعبوں میں سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں، افغان قیادت میں افغانوں کو قبول امن عمل کے ذریعے سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ روس کی جانب سے افغان عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کی حمایت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے دور کا انعقادماسکو میںہوا۔ ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) ظہیراے جنجوعہ اور روسی فیڈریشن کے امورخارجہ کے نائب وزیر آئی وی مورغلوو نے اپنے اپنے وفود کی نمائندگی کی۔اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا جامع انداز میں جائزہ لیتے ہوئے سیاسیات، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی، زراعت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت میں مزید تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔ ایڈیشنل سیکریٹری نے پاکستان کی سیاسی اور معاشی ترقی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے روسی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں بالخصوص توانائی، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، تیل وگیس اور سیاحت کے شعبوں میں سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ فریقین نے زراعت اور زرعی مصنوعات بشمول کاشت کے بعد بروئے کارآنے والی ٹیکنالوجی، گوشت، دودھ، مچھلی اور شیل فش مصنوعات کی پراسیسنگ اور ان کے اضافی معیار کے ذیل میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ اجلاس میں بین الحکومتی کمیشن کی چھٹی نشست اسلام آباد میں باہمی متعین کردہ تاریخ پر منعقد کرنے پر اتفا ق کیاگیا۔ دونوں ممالک نے پارلیمانی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ تعاون میں مزید گہرائی آئے اور ایک دوسرے کے نکتہ نظر سے متعلق ہم آہنگی میں مزید اضافہ ہو۔ ایڈیشنل سیکریٹری نے توانائی کے شعبہ میں تعلقات کی موجودہ کیفیت پر اطمنا ن کا اظہار کرتے ہوئے اسے شراکت داری کا مضبوط ستون قرار دیا۔انہوں نے توانائی کے جاری منصوبہ جات کی جلد تکمیل کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔ایڈیشنل سیکریٹری نے روسی وفد کو جنوبی ایشیاکی صورتحال، خاص کر حالیہ بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے نپے تلے جواب سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کواجاگر کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیامیں کشیدگی کم کرنے میں روس کے تعمیری کردار کو سراہا۔ایڈیشنل سیکریٹری نے افغانستان میں مفاہمت اور امن کے لئے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے زوردیا کہ افغان قیادت میں افغانوں کو قبول امن عمل کے ذریعے سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ روس کی جانب سے افغان عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کی حمایت کی گئی۔دونوں جانب سے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کی سطح پر اطمنان ظاہرکرتے ہوئے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

ای پیپر دی نیشن