لندن(سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ میں پاکستان ٹیم کا سفر ختم ہونے کے بعد قومی کرکٹرز آج صبح وطن واپس پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو وطن واپسی پر میڈیا سے کسی بھی قسم کی گفتگو کرنے سے منع کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، کوچ مکی آرتھر، باولنگ کوچ اظہر محمود ٹیم کے ساتھ واپس نہیں جائیں گے۔ مکی آرتھر جنوبی افریقہ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ اپنے قریبی رشتہ دار کی شادی کے بعد پاکستان آئیں گے اور ورلڈ کپ کی رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو جمع کرائیں گے جبکہ پاکستان ٹیم کا دیگر کوچنگ سٹاف ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان جائے گا۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی لندن سے ہفتہ کی صبح براستہ دبئی جائیں گے جہاں سے کھلاڑی کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی فلائیٹس میں اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔