نئی دہلی (آئی این پی) گلوان میں چینی فوج کے ہاتھوں 20 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارت میں چینی اشیا کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے لیکن بی سی سی آئی اس کے باوجود آئی پی ایل کیلئے چینی اسپانسرز کا معاہدہ ختم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ بھارتی بورڈ کے خازن ارون دھومل، جو حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکرکے بھائی ہیں، کہتے ہیں کہ یہ سپانسر بھارتی معیشت کی مدد کررہی ہے۔ہم اس سال تو کچھ نہیں کرسکتے البتہ اگلے برس معاہدے پر نظرثانی کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کی مرکزی سپانسر چینی موبائل فون کمپنی ’اوپو‘ ہے۔ ادھر بھارتی اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ وہ موجودہ کشیدگی کے سبب چینی اسپانسرز اور مصنوعات کے بائیکاٹ پرغور کررہے ہیں۔