لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس فورم کے چیئرمین ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ حکومت ایس آر او کلچر ختم کرکے طویل المدت پالیسیاں مرتب کرے، کارپوریٹ سیکٹر کے ٹیکس ریٹ کم اور سمال میڈیم اندسٹری کے لیے بلا سود قرض سکیموں کا اعلان کیا جائے۔گزشتہ روز ٹیکس ماہرین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار خان نے کہا کہ سیکشن122اور181/144aپر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ،امپورٹ کے لیے 148سیکشن خوش آئند مگر 44/4 کمپلسری قرار دیا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ایف بی آر نے نظر ثانی شدہ ہدف سے زائد وصولی کی لیکن لیکن اب بھی ملک میں اتنا ٹیکس خلا موجود ہے کہ13 ہزار ارب سے زیادہ اکٹھے کیے جا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت اتنا اضافہ منی بجٹ کی ہی ایک شکل ہے لیکن حکومت کو ایسے روش کو ترک کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اتھارٹیز میں رجسٹرڈ کو ایف بی آر اے ایل ٹی لسٹ میں لائے تاکہ وہ لوگ بھی فائدہ اٹھاسکیں، ڈبل ٹیکسیشن کا نظام ختم کرکے صرف پرچیز ٹیکس کے ذریعے حکومت اپنی تین گنا آمدن بڑھا سکتی ہے۔