طرابلس (نیٹ نیوز) لیبیا میں نامعلوم جنگی طیاروں نے الوطیہ میں واقع فضائی اڈے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ترکی کا ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ ہوگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے الوطیہ فضائی اڈے پر جنگی طیاروں نے بمباری کی جس سے بیس میں موجود ترک فوج کا ایئر ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر تباہ ہوگیا، اس فوجی اڈے کا قبضہ مئی میں اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ لیبیا کی حکومت (جی این اے) نے ترک فوجیوں کی مدد سے واگزار کروایا تھا اور اب یہ ترک فوجیوں کے استعمال میں تھا۔اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت (جی این اے) کے مخالف گروپ لیبنیئن نیشنل آرمی کے کمانڈر حفتر نے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ فوجی اڈے پر حملہ نامعلوم جنگی طیاروں نے کیا تاہم حملے کی ذمہ دار جنرل حفتر اور ان کی مددگار عسکری فورس پر ہی عائد کی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ رات بھر دھماکوں کی آواز سنائی دیتی رہی ہیں۔ ترک فوج کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت کے فوجی ترجمان نے فضائی حملے کی تصدیق کی ہے۔
لیبیا: نامعلوم جنگی طیاروں کی ترک فضائی اڈے پر بمباری، ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ
Jul 06, 2020