روم(نیٹ نیوز)اٹلی نے بحرہ روم میں اوشن وائکنگ نامی بحری جہاز پر پھنسے متعدد مہاجرین کی جانب سے خودکشی کی کوشش کے بعد تمام 180 پناہ گزینوں کو قبول کرلیا۔ڈی بلیو کی رپورٹ کے مطابق سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ میں داخل ہونے والے پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی یورپی تنظیم ’ایس او ایس میڈیٹرینی‘ نے بتایا کہ مذکورہ بحری جہاز نے 22 جون کو بحیرہ روم کے 4 مختلف مقامات سے متعدد پناہ گزینوں کو بچایاجو بدترتن حالت میں تھے۔بحری جہاز پر پناہ گزینوں کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر اطالوی حکام نے طبی ماہرین کی ٹیم کوبھیجا جائے گا جوپناہ گزینوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کریں گے،سسلی بندرگاہ پر ان کو چند روزکیلئے قرنطینہ کیا جائے گا۔دوسری جانب جرمنی کے وزیر داخلہ ہورسٹ زی ہوفر نے یورپی یونین کے دیگر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بحیرہ روم سے بچائے جانے والے مہاجرین کو اپنے ملک میں بھی پناہ دیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک صرف 6 ممالک نے پناہ گزینوں کو پناہ دینے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔