پسرور‘ ننکانہ +اسلام آباد(نامہ نگاران+نیوز رپورٹر) پسرور سمیت کئی شہروں میں بارش کے دوران حادثات میں مزید 3 افراد مارے گئے۔ پسرور اور گردونواح میں طوفانی بارش کی وجہ سے متعدد درخت گرگئے اور بجلی کے تار ٹوٹنے سے کئی فیڈرز پر بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ بارش کے دوران محلہ نامے شاہ میں فرنیچر کی دکان پر کام کرتے ہوئے الیکٹرک کٹر میں کرنٹ آجانے کی وجہ سے24سالہ کار پینٹر مرزا محمد طاہر جاں بحق ہوگیا۔ مرحوم کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی۔ اس نے پسماندگان میں بیوہ اور بچی چھوڑی ہے۔ ایک اور واقعہ میں موضع دریا پور میں 40سالہ خاتون جمیلہ بی بی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔ واقعات کے مطابق خاتون کمرے میں جمع ہوجانے والا بارش کا پانی نکال رہی تھی کہ فرش میں کرنٹ آگیا۔ ننکانہ صاحب میں شدید طوفان کے باعث مکان کی دیوار گر گئی، ملبے تلے دب کر چھ ماہ کا معصوم بچہ جاں بحق جبکہ اس کی خالہ شدید زخمی ہوگئی۔ شہر اور اس کے گردونواح میں چلنے والی تیز کالی آندھی، گردوغبار کے طوفان سے نواحی گائوں چوڑا دیوان میں ہمسائے کے مکان کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 6ماہ کا کمسن بچہ حارث عدنان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کی خالہ 17سالہ شازیہ بی بی شدید زخمی ہوگئی جسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کردیا گیا ہے۔ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، پنجاب، خیبرپی کے، آزادکشمیر میں بادلوں کے ڈیرے، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت وسطی وجنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، سندھ، بالائی خیبرپی کے، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 24 گھنٹوںکے دوران اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش، پنجاب کے شہر حافظ آباد میں 51 ، چکوال 47 ، جوہرآباد 42 ، اسلام آباد، سید پور39 ، گولڑہ 25 ، زیروپوائنٹ 18 ، بوکرا 11 ، ائیرپورٹ 5 ، سرگودھا 28 ، لیہ 24 ، ساہیوال 23 ، نارووال 16 ، اوکاڑہ 15 ، منڈی بہائوالدین ، نور پور تھل ، قصور10، راولپنڈی 10 ، لاہور8 ، گجرات 7 ، سیالکوٹ6 ، ، جہلم 4 ، گوجرانوالہ 3 ، کوٹ ادو ، فیصل آباد ، مری ایک ، خیبر پختونخواہ، دیر 22 ، مالم جبہ 17، بنوں 7، پٹن 4 ، ڈیرہ اسماعیل خان 3 ، میرکھانی ، کاکول 2 ، چیراٹ ایک ، گلگت بلتستان، گوپس 6، بگروٹ 3، بونجی 2 ، گلگت ایک اورکشمیر، راولاکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت، دادو میں 48، موہنجوداڑو47، بہاولپور اور رحیم یارخان میں46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔