آلو 100 روپے کلو‘ 80 فیصد پھل سبزیوں کے نرخوں میں اضافہ ہوا

Jul 06, 2020

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے اور 28 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے مقابلہ میں 80 فیصد سے زیادہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ آلو کی قیمت بعض علاقوں میں پرچون میں 90 سے 100 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ اسی طرح ٹماٹر بھی بعض علاقوں میں 100 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئے۔ لہسن کی قیمت میں کمی آئی جس کی قیمت 180 روپے فی کلو سے لے کر 240 روپے فی کلو تک رہی جبکہ ادرک، پھلیوں، لیموں، بھنڈی، دیسی ٹینڈے اور میتھی کی قیمت بلند سطح پر رہی۔ تاہم 28 جون کے مقابلہ میں گزشتہ روزپیاز،کھیرا،پالک، بینگن، سبز مرچ ،کریلے،گھیا توری، شلجم، مٹر اور گھیا کدو کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوا۔ سبزیوں اور پھلوں میں درجہ بندی کے اعتبار سے کہیں قیمتیں تھوک کے مقابلہ میں 100 فیصد زیادہ تھیں اور کہیں 50 فیصد تک زیادہ تھیں تاہم کہیں بھی سرکاری نرخوں پر پھل اور سبزیاں دستیاب نہیں تھیں۔ پھلوں میں کیلا، سیب، خوبانی اور آم کی مختلف اقسام، آڑو، ناریل، ناشپاتی اور آلو بخارا کی قیمتیں بلند سطح پر رہیں اور ان میں 28 جون کے مقابلہ میں اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں