وفاق المدارس نے 11 جولائی سے طلباء کے امتحانات کا اعلان کر دیا

Jul 06, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے 11 جولائی سے ملک بھر میں موجود مدارس میں طلبہ کے امتحانات لینے کا اعلان کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے قبل ہی تعلیمی ادارے و مدارس کو بند کر دیا گیا تھا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس حوالے سے حکومت کی اجازت حاصل کر لی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وفاق المدارس کی جانب سے یہ اعلان بھی سامنے آیا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل امتحانات کا سلسلہ مکمل کر کے عید کے بعد تدریسی عمل کے آغاز کے لئے مشاورت جاری ہے۔ عربی خبر رساں ادارے اردو نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں وفاق المدارس العربیہ کے ترجمان طلحہ رحمانی نے بتایا کہ مذکورہ فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت کے بعد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاق المدارس کے تحت محدود پیمانے پر امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں لہذا اس دوران ضابطہ کار (یعنی حکومت کے بنائے گئے ایس او پیز) پر عملدرآمد باآسانی ہوتا ہے۔ دوسری جانب اس تمام صورتحال پر وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ مولانا حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ ان کے لئے طلبہ کا امتحان اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ بعدازاں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) انہیں ایک ایکولینسی (مساوی) سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔

مزیدخبریں