لاہور +اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اپنا نیوٹرل رول بحال کرے، دشمن سے لڑنا ہے تو قوم اور فوج کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ جماعت اسلامی مہنگائی کے خاتمے، بے روزگاری اور عوام کے حقوق کے لئے تحریک چلائے گی اور ہر مظلوم کی آواز بنے گی۔ حکومت یرغمال، اصل حکمرانی مافیا زکی ہے۔ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی۔ جمہوری حکومتوں میںاسٹیبلشمنٹ کا کردار غیر جانبدار ہوتا ہے۔ ہمارے ملک کی اسٹیبلشمنٹ الیکشن پر اثرانداز ہوتی ہے، ہر جگہ اس پر لوگ بات کرتے ہیں اور انگلیاں اٹھتی ہیں۔ جتنی حکومت پر بات ہوتی ہے فوج کو مضبوط بنانا پاکستان کی ضرورت ہے۔ بھارت جیسا مکار دشمن اژدھے کی صورت میں سرحدوں پرموجود ہے۔ ماضی میں بھی جو حکمران رہے وہ فوج کی سرپرستی حاصل ہونے کے دعوے فوج کی حمایت میں بننے والی حکومتیں کوئی رزلٹ نہیں دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں منصورہ میں مجلس عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر مشتاق احمد خان، رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی، کے پی کے اسمبلی کے رکن عنایت اللہ خان، سندھ اسمبلی کے رکن سید عبد الرشید اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجودتھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر آج فیصلوں پر ندامت کا ٹیسٹ ہوتا تو بائیس کروڑ عوام کا رزلٹ مثبت آسکتا ہے۔ پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے عوام اور ینگ ڈاکٹرزاپنے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کوئی فرد ناکام نہیں تینوں پارٹیاں ناکام ہوئی ہیں۔ مغربی کلچر کو تحفظ کرنے والوں کا نظام نہیں چلے گا۔ جماعت اسلامی میدان میں کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن اور آئْندہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ آئندہ شفاف الیکشن سے قبل اصلاحات ناگزیر ہیں۔