اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی1977ء کو پاکستان کا تاریخ کا تاریک ترین دن قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے آئین وجمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دیتی رہے گی، صوبائی خودمختاری کے نفاذ کے لیے گنجائش محدود کی جا رہی ہے، عام شہری کرونا اور ٹڈیوں کے رحم وکرم پر ہیں۔ اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف یوم سیاہ منایا۔ جس کے حوالے سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 جولائی 1977ء کو آئین معطل، جمہوریت کو لپیٹا گیا اور منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو ہٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئین وجمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دیتی رہے گی تاہم جمہوریت اب بھی پنپنے کے شروعاتی مراحل میں ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی خودمختاری کے نفاذ کے لیے گنجائش محدود کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے سروں پر بیروزگاری کی تلواریں لٹک رہی ہیں جس سے ہر گزرتے دن کے ساتھ غریب مزید غریب ہوتا جا رہا ہے۔
موجودہ کٹھ پتلی حکومت 5 جولائی 77 ء کے جرم کی انتہا ہے:بلاول
Jul 06, 2020