آم کے باغبانوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی : سیکرٹری زراعت

ملتان (خبرنگار خصوصی) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ آم کی کاشت کے تمام اضلاع کی پھل اور سبزی منڈیوں میں تعینات متعلقہ شعبہ کے عملہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ آم کے باغبانوں کو کسان پلیٹ فارم پر تمام ممکنہ سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں تاکہ مقامی مارکیٹ میں باغبانوں کو مڈل مین اور آڑھتیوں کے استحصال سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پھل کے اس مرحلہ پر باغبانوں کی رہنمائی کے عمل میں مزید تیزی لائیں اس وقت آم کے پھل پر بورر کا حملہ مشاہدہ میں آرہا ہے لہٰذا اس کیڑے کے کنٹرول کیلئے باغبانوں کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے تاکہ تیار پھل کی کوالٹی اور معیار پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں علاوہ ازیں باغبانوں کو پوسٹ ہارویسٹ بیماریوں کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھل کی مکھی کو غیر کیمیائی طریقوں سے کنٹرول کرنے بارے آگاہی فراہم کی جائے ۔ آم کے باغبانوں کو موسمی پیشین گوئی سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی طور پر ماہر و دیگر مزدوروں کو آم کی برداشت، پراسیسنگ، گریڈنگ،پیکنگ اور ترسیل کے عمل کے دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر بارے تربیت بھی فراہم کی جائے اور شائع شدہ لٹریچر کی کاپیاں بھی باغبانوں اور لیبر سپروائزرز میں تقسیم کی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن