اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے رہنماو ڈپٹی میئر اسلام آباد سید زیشان علی نقوی نے کہاہے کہ جج ارشد ملک نے ویڈیو میں جس طرح قائد میاںنوازشریف کے خلاف سزا دینے کیلئے پریشر کا اعتراف کیا اب معزز عدالت نے جج ارشد ملک کو ملازمت سے برخاست کرکے ثابت کردیا کہ میاں نوازشریف کے خلاف فیصلہ ذاتی عناد ،سیاسی انتقامی کارروائی اور فرمائشی پروگرام کے تحت کروایاگیا،یہ فیصلہ دراصل میاںنوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے موقف کی فتح ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کو سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف میاں نوازشریف کی معطلی اور حکومت کے خاتمے کو کالعدم قرار دیناچاہئیے، بلکہ ملوث کرداروں کو بھی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئیے، انشاء اللہ پاکستانی جلد میاں نوازشریف کو اپنے درمیان پائیں گے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) اور میاں نوازشریف ایک دفعہ پھر ملک کی باگ دوڑ سنبھال کر ملک کوترقی کے راستے پرڈالیں گے۔سیدزیشان نقوی نے مزید کہاکہ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں تبدیلی مثبت اثرات لے کر آتی تو اسے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی خاطر قبول بھی کرتے اور مکمل تعاون بھی کرتے لیکن یہ تبدیلی تباہی کا وہ طوفان لائی ہے جس نے معیشت کا جنازہ نکال دیا عوام سسک سسک کرزندگی گزاررہے ہیں ابھی گندم کی کٹائی ہوئی تو پھر مارکیٹ میں سے کیسے غائب ہوگئی ہے،آٹا بھی مہنگاہوگیا حالانکہ آپ نے تو ذخیرہ اندازوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیاتھا ،چینی مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کے باوجود قیمتیں کم نہیں ہوئی55روپے فی کلو ملنے کے بجائے آج بھی85روپے سے زائد قیمت پر بک رہی ہے اور مارکیٹ میں دستیاب بھی نہیں، اسی طرح ادویات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کے بعداب غریب عوام کے لئے ادویات کا حصول بھی کسی خواب سے کم نہیںپھر جب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیر وں پر تھیں تب بھی آپ نے عوام کو اسکا ریلیف نہیں دیا اور جب قیمتوںمیں معمولی اضافہ ہوا تو آپ نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا جس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا،بجلی اور گیس کے نرخوں میںسینکڑوں گنااضافہ کرکے بے شمار کاروباری مراکز کو ملک چھوڑنے پر مجبور کردیا یہی وجہ ہے کہ بیسیوں کارخانے اور فیکٹریاں بنگلہ دیش،ملائشیاء منتقل ہوگئے ہیں ۔