ڈربی(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث سہیل کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستانی بلے باز حارث سہیل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں، حارث سہیل بائیں ٹانگ میں درد محسوس کر رہے ہیں جس کے باعث وہ پیر اور منگل کو ٹریننگ سیشنز میں شریک نہیں ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق حارث سہیل نے تکلیف کے باعث دونوں انٹرا اسکواڈ میچز میں بھی حصہ نہیں لیا، ان کے ری ہیب کا آغاز کر دیا گیا ہے، ان کا ایم آر آئی اسکین کل کارڈف میں ہو گا اور اسکین رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں ان کی دستیابی کا فیصلہ ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حارث سہیل نے انگلینڈ پہنچنے کے بعد ٹریننگ سیشنز میں تو حصہ لیا تھا لیکن یکم جولائی کو ہونے والے پہلے انٹرا اسکواڈ میچ سے قبل ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔