لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ صدارتی امیدوار احسن بھون کے اعزاز میں تقریب میں (ق) لیگ لائرز فورم کی جانب سے صدارتی امیدوار احسن بھون کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر (ق) لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی وکیل ہوں، مختلف عہدوں پر فائز رہا ہوں۔ احسن بھون سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی صدارت کے لائق ہیں۔ ہم انکی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ (ق) لیگ لائرز فورم کے صدر جہانگیر اے جھوجھہ، سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار اصغر گل، ممبر پاکستان بار کونسل نصراللہ وڑائچ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ عاصمہ جہانگیر کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار احسن بھون نے (ق) لیگ لائرز فورم کی حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں رہیں گے۔
ق لیگ لائرز فورم کی حمایت، وکلا کی فلاح کیلئے کوشاں رہوں گا : احسن بھون
Jul 06, 2021