گندم کی  مجموعی پیداوار 27.539ملین ٹن تک پہنچ گئی ،سید فخر امام 

Jul 06, 2021

اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس پیر کواسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرابرائے زراعت، صوبائی محکمہ فوڈ کے نمائندوں ، پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اعلی حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس وفاق اور چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان باہمی روابط کے تناظر میں گندم کی آئندہ فصل سے تقریبا ساڑھے چار ماہ قبل منعقد کیا گیا ہے جس کا مقصد گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار یقینی بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور منصوبہ بندی تشکیل دینا تھا۔ شرکاکو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کا پیداواری ہدف 27اعشاریہ 33ملین ٹن متوقع تھا جبکہ مجموعی پیداوار 27اعشاریہ 539ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جس کی بنیادی وجہ خیبر پختونخوا میں گندم کا پیداواری ہدف 1.25ملین ٹن سے بڑھ کر 1.459ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جبکہ پنجاب میں پیداواری ہدف کا تخمینہ 20 ملین ٹن لگایا تھا جو بڑھ کر 20.9ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ اس طرح مجموعی پیداوار 27.539ملین ٹن تک پہنچ گئی۔ شرکاسے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید فخر امام کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی خوراک کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سال گندم کی پیداوار بڑھانے کیلئے ہمیں کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ برس درکار گندم کے بیج کی 50 فیصد تصدیق کی گئی جس میں رواں برس مزید اضافہ متوقع ہے۔اس موقع پر پاسکو کو خصوصی ہدایت کی گئی کہ وہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں طلب اور رسد کو مدنظر رکھتے ہوئے وافر مقدار میں ذخیرہ فراہم کرنے کے عمل کو یقینی بنائے۔ وفاقی وزیر اور صوبائی وزرانے ملکی تاریخ میں گندم کی ریکارڈ پیداوار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کی۔ 

مزیدخبریں