کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی انتظامی اور انتخابی اصلاحات سے وابستہ ہے۔ سندھ حکمرانوں کے تعصب کی نظر ہوکر تباہ و برباد ہوگیا ہے۔ چاروں وزرا اعلی اختیارات اور وسائل پر ایسے قابض ہیں جیسے اختیارات اور وسائل انکی ذاتی جاگیر ہیں، پاک سر زمین پارٹی ہر طرح کے لسانی تعصب کے خاتمے اور ایسے نظام کے لیے جدوجہد کررہی ہے جس میں کسی کی حق تلفی نہ ہو بلکہ میرٹ کی حکمرانی ہو۔ کوٹہ سسٹم سے شہری سندھ اور دیہی سندھ دونوں کا نقصان ہے لیکن اس کا خاتمہ تب تک ممکن نہیں جب تک سب مل کر اس کے خلاف آواز نہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم آباد، مجاہد کالونی میں عوامی رابطہ مہم کے تحت ناظم آباد ٹان آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ڈاکٹر ارشد وہرا اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر عبداللہ شیخ بھی انکے ہمراہ تھے۔