اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر ترکی کی زمینی افواج کے کمانڈر جنرل امیت دندار کو نشان امتیاز عطا کیا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ جس میں اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔ جنرل امیت دندار نیٹو، افغانستان میں کمانڈر سمیت ترکی کی فوج میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ صدر مملکت عارف علوی سے ترک افواج کے کمانڈر جنرل امیت دندار نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا صدر مملکت نے کہا کہ تجارت‘ دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع ہیں۔ عسکری تربیت کے معاہدے سے باہمی دفاعی تعاون کو فروغ ملے گا۔ صدر مملکت نے ترک ہم منصب کے مسلم امہ کے اتحاد کیلئے کردار کو سراہا۔ صدر مملکت نے معصوم کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم سے بھی آگاہ کیا۔ یو این قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ لاہور میں حالیہ دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو تربیت، مالی معاونت فراہم کرتا رہا ہے۔اس موقع پر جنرل امیت وندار نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ عقیدے، اقدار اور تاریخی تعلقات پر مبنی دیرینہ تعاون قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام پاکستانیوں کو اپنے بھائی سمجھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص دفاعی میدان میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔