لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الزامات کی سیاست پر نہ یقین ہے نہ کرتے ہیں۔ ہم صرف عوام کی خدمت کے لئے آئے، کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ الزامات کی منفی سیاست کرنا سابق حکمرانوں کا وطیرہ رہا ہے۔ پاکستان کے عوام الزامات کی سیاست کرنے والوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر چکے ہیں ان عناصر نے اپنے دور میں شفافیت اور میرٹ کی دھجیاں اڑائیں اور آج ایک بار پھر یہ انتشار پھیلا کر اب عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر روکنا چاہتے ہیں۔ میرا واضح پیغام ہے کہ اب عمران خان کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کے سفر کو کوئی نہیں روک سکتا۔ شفاف پاکستان کی راہ میں آنے والوں کا کوئی مستقبل ہے، نہ ہو گا۔ سابق دور میں مافیا نے ہر جگہ اپنے پنجے گاڑے اور سابق حکمران ذاتی مفادات کی خاطر مافیا کی سرپرستی کرتے رہے۔ بدقسمتی سے سابق حکمرانوں اور مافیا کے مفادات ایک تھے۔ یہ مافیا آج بھی اپنی بگڑی ہوئی شکل میں موجود ہے۔ ہماری حکومت نے مافیاکو نکیل ڈالی ہے، مافیا نہیں چاہتا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے۔ مافیا کسی بھی شکل میں ہو، اس کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔ مافیا کو اپنے دور میں تحفظ دینے والے آج عبرت کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ عثمان بزدار نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے 17ہزار فٹ کی بلندی پر پاکستان کے پرچم کو سر بلند رکھنے کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے بہادری اور شجاعت سے دشمن کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے مویشی منڈیوں میں کرونا ایس او پیز پرعملدرآمدیقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور مویشی منڈیوں کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔