اسلام آباد (د نوائے وقت رپورٹ) کرگل کے معرکے میں جرأت اور بہادری کی داستان رقم کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان، نشان حیدر کا یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے 5 جولائی 1999 کو کارگل کے محاذ پر بھارتی افواج کے خلاف لڑتے ہوئے شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔ 28 جون 1999ء کو معرکہ کارگل کے دوران بھارتی افواج نے دراس کے علاقے میں بڑا حملہ کیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان کی قیادت میں محاذ پر موجود صرف 41 فوجیوں نے منہ توڑ جواب دے کر دشمن فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔بھارتی فوج کے کمانڈر نے بھی کیپٹن کرنل شیر خان کے جسد خاکی کے ساتھ ایک خط بھیج کر شہید کی دلیری کا بھرپور اعتراف کیا۔ 13 اگست 1999ء کو حکومت پاکستان نے کرنل شیر خان شہید کے عظیم کارنامے پر اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے نومبر 1992ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ جنوری 1998ء میں شہید نے خود کو لائن آف کنٹرول پر تعیناتی کے لئے پیش کیا۔
کرگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) کا 22 واں یوم شہادت منایا گیا
Jul 06, 2021