مہنگائی اوربے روزگاری میں اضافہ حکومتی بد انتظامی کے  باعث ہے:لیاقت بلوچ

Jul 06, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مہنگائی بے روزگاری ، بجلی کی لوڈشیڈنگ ، گیس بحران ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ حکومتی نااہلی ، ناکامی اور بد انتظامی کی وجہ سے ہے۔ عمران خان نے 100دنوں میں انقلاب برپا کرنے کا دعویٰ کیا لیکن 1100 دنوں میں تبدیلی بدنامی او رسوائی بن گئی ہے۔ بجلی وافر موجود لیکن مہنگی ترین ہے ، عوام مہنگے بل برداشت کرتے ہیں لیکن عمران سرکار تین سالوں میں الیکٹرک ٹرانسمیشن کا نظام بھی ٹھیک نہیں کر سکی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے عوامی وفود اور میڈیا سے گفتگو اور ڈیرہ غازیخان ، ملتان ، مظفر گڑھ ، شجاع آباد میں عوامی اجتماعات ، سیاسی عمائدین سے ملاقاتوں میں کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن ، رشوت ، بد عنوانیاں سرچڑھ کر بول رہی ہیں۔ آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک ، ایک عالمی قوت کی گود سے اتر کر دوسری عالمی اقتصادی قوت کی سجدہ ریزی مسائل کاحل نہیں۔ 

مزیدخبریں