بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ناراض بلوچوں سے بات چیت شروع کرنے سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ گوادر بلوچستان کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہے ، بلوچستان اور وفاق میں بہترین تعلقات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، وزیراعظم کے بلوچستان کے ناراض بلوچوں سے بات چیت کا عندیہ دینے کاخیرمقدم کرتے ہیں۔لیاقت شاہوانی نے سندھ حکومت پرپانی چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت نے مجموعی طورپربلوچستان کے حصے سے پانی کا بیالیس فیصد حق مارا ہے، سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی سے ہمارا اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہوچکاہے، تین سال میں بڑے پراجیکٹ شروع کیے جاچکے ہیں جن میں کینسرہسپتال، سڑکوں کی بحالی اورسکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے.