ایون فیلڈ ریفرنس :نواز شریف، مریم ، کیپٹن (ر)صفدر کی سزا کیخلاف اپیلوں پر دلائل کیلئے 15 جولائی کی تاریخ مقرر

Jul 06, 2021 | 22:20

ویب ڈیسک

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر دلائل کیلئے 15 جولائی کی تاریخ مقرر کردی ہے۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی نیب کی اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کردیں۔ نیب کی اپیلوں پر سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر سردار مظفر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔مریم نواز کے وکیل امجد پرویزایڈووکیٹ نے تیاری کیلئے عدالت سے تین ہفتے کی مہلت مانگتے ہوئے موقف اپنایا کہ بیماری کی وجہ سے تکلیف میں ہوں ٹھیک طریقے سے کھڑابھی نہیں ہو پارہا، کیس پر دلائل کیلئے زیادہ وقت درکار ہوگا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ مجھے پورے شواہد کو دوبارہ دیکھنا ہے۔ ابھی کورونا سے ریکور ہوا ہوں، مجھے ابھی زیادہ دیر کھڑے رہنا یا بیٹھنے سے منع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کیس کے دونوں ملزمان ہر پیشی پرعدالت میں پیش ہوتے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کا فیصلہ ایک دن میں نہیں ہوگا لیکن آغاز تو کرنا ہے۔ ابھی ہم شروع کر رہے ہیں، ہفتے میں ایک دن رکھ لیتے ہیں جس دن یہ کیس ہوگا اس دن ڈویثرن بینچ میں اور کیس نہیں سنیں گے۔ ریفرنس آپ بھی مانتے ہیں اور نیب بھی مان رہا ہے۔ شہادت پڑھ لیں تاکہ کیس کو شروع کریں۔ شروع کرنے کے بعد ہم دیکھ لیتے ہیں ہفتہ میں ایک دن رکھیں یا دو دن رکھتے ہیں۔ چیزوں کو دیکھ لیتے ہیں کیا چارج ہیں کتنے گواہ ہیں۔ وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ اگلے ہفتہ کی بجائے دس دن کے بعد کیس کی سماعت رکھ لیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے امجد پرویز سے مخاطب ہو کر ریمارکس دیئے کہ آپ بیمار ہیں تو بے شک بیٹھ کر دلائل دے دیں، لیٹ کر بھی دلائل کا بھی انتظام ہوگا۔ اگر آپ زیادہ دیر کھڑے نہ ہو سکے تو نیب پراسیکیوٹر سے کہیں گے شواہد وہ پڑھ دیں۔ عدالت نے ایون فیلڈ اپیلوں پر دلائل کیلئے 15 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی نیب کی اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کردیں۔ نیب کی اپیلوں پر سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔

مزیدخبریں