ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی پی نظریاتی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ پی پی پنجاب میں لا تعلق ہو چکی ہے۔ کے پی کے اور بلوچستان میں پی پی کاوجود نہیں۔ پی پی کی سیاست کا محور صرف سندھ کی سیاست رہ گئی ہے۔ آئندہ انتخابات میں پی پی کو سندھ میں بھی سرپرائز دیں گے۔ پنجاب میں زرداری صاحب نے پی پی کو ن لیگ میں سرینڈر کردیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں پنجاب کی 20نشستوں پر پی پی کا کوئی امیدوار دکھائی نہیں دے رہا۔ ملتان کے ضمنی انتخاب میں گیلانی صاحب اور ان کے صاحبزادے میری محبت میں‘ ن لیگ کی بھر پور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ گیلانی نے نواز شریف سے آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنے اور اپنے صاحبزادوں کیلئے سیٹ ایڈجسمنٹ کی بھیک مانگی کہ ان کے مقابلے میں ن لیگ اپنا امیدوار نہ لائے۔پی پی‘ن لیگ اکیلے اکیلے تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ دونوں جماعتیں ملکر بھی تحریک انصاف کو شکست نہیں دے سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی یونین کونسل 45 رنگیل پور اور بستی تھہیم والی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک‘ ملک مشتاق تھہیم‘ ملک شہزاد رانا‘ رانا سجاد حمید‘ رانا شہباز سمیت اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا عوام پی پی ن لیگ دونوں جماعتوں سے متنفر چکے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کو عمران خان سے دلی لگاؤ ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کی نالائقی اور نااہلیت کی بدولت عوام میں نفرت پائی جاتی ہے، موجودہ حکومت نے عوام کو تکلیف پہنچائی ہے، بتایا جائے ان 10 ہفتوں میں حکومت نے عوام کو کیا ریلیف فراہم کیا ہے،20 کلو آٹاکاتھیلا 1900روپے میں دستیاب ہے۔ ہم امپورٹڈ حکمرانوں سے قانونی سیاسی ‘ اخلاقی‘ میڈیا سمیت ہر میدان میں جنگ کریں گے۔ عمران خان کا کہنا پورا ہوگا کہ ضمنی انتخاب میں ملک بھر کے عوام لوٹوں کا جو حشر کریں گے اس کے بعد مستقبل میں کوئی شخص اپنی پارٹی کے ساتھ بے وفائی اور منافقت کا نہیں سوچے گا۔ عمران خان 14جولائی کو ملتان میں شاندار جلسہ کریں گے جس میں عوام کا سمندر آئے گا۔
شاہ محمود
گیلانی نے نواز شریف سے صاحبزادوں کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بھیک مانگی: شاہ محمود
Jul 06, 2022