کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کیسکوپر ایک کروڑ روپے جرمانہ 

اسلام آباد(نا مہ نگار)نیپرا نے کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ کیسکو کوسوگوارخاندانوں کو 3 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کرنے اور سوگوار خاندانوں کو ملازمت دینے کی بھی ہدایت۔نیپرا اعلامیہ کے مطابق جولائی 2019سے جون 2021کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے 15افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی )نیپرا(نے تحقیقات کے لیے 2ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 15میں سے 4اموات میں کیسکو کو قصور وار قرار دیا گیا۔ جس پر نیپرا ایکٹ کے تحت کیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے علاوہ سماعت کا موقع بھی دیا گیا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق کیسکو ضابطہ اخلاق اورحفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمے داریاں انجام دینے میں ناکام رہا۔نیپرا کی جانب سے تحقیقات کے نتیجے میں کیسکو کوسوگوارخاندانوں کو 3 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کرنے اور سوگوار خاندانوں کو ملازمت دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔ حکام کے مطابق کیسکو کو معاوضے کی تفصیلات نیپرا کے ساتھ شیئر بھی کرنا ہوں گی۔
 جرمانہ 

ای پیپر دی نیشن