اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں کو جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مکمل انسان کیلئے تعلیم کیساتھ تربیت بھی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کے 26 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جامعات اور معاشرہ اخلاقیات اور اقدار پر خصوصی توجہ دے، ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو بہتر سے بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ صدر نے کہا کہ انسانی وسائل اور اذہان کی ترقی علم سے منسلک ہے، طلباء تعلیم کیساتھ ساتھ رابطے، زبان و بیان کی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ زمانے میں تیزی سے ظہور پزیر ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنا ہوگا، ٹیکنالوجی کی مدد سے علم تک رسائی بڑھ چکی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قیادت کی جانب سے درست فیصلہ سازی کی ضرورت ہے، فیک نیوز اور غیبت کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، سر سید احمد خان، علامہ اقبال اور قائدِ اعظم نے ہمیں بحیثیت قوم اٹھایا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے جمہوریت، تجارت اور جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبائ پر معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کی خصوصی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔
عارف علوی