لاہور (نیوز رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) مجلس وحدت المسلمین ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیگی۔ ایم ڈبلیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا کہ بطور پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت، ایم ڈبلیو ایم صوبے بھر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کروائے گی۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت المسلمین پاکستان سید اسد عباس نقوی ،سینئر نائب صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں میاں محمود الرشید، شیخ امتیاز کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کی حمایت پر ان کے شکرگزار ہیں۔ ہمیں اس سے بہت فائدہ ہو گا۔ اس ضمنی الیکشن کے اثرات مرکزی حکومت پر بھی پڑیگا۔سب لوگ آزاد اور خودار پاکستان بنانے کے لئے تیار ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ مہنگائی کا طوفان بدتمیز ی ہے حکمران کسی بھی طرح ڈیلیور کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہے۔ پری پول رگنگ کے ثبوت تحریری طور الیکشن کمیشن کو دینے کے لئے جا رہے ہیں کہ ضمنی حلقوں میں پری پول دھاندلی ہو رہی ہے ترقیاتی کام پنجاب بھر میں جاری ہیں۔ ملاقات میں میاں محمود الرشید،پی ٹی آئی کے امیدوار پی پی 158میاں محمد اکرم عثمان،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عدنان جمیل اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید اسدعباس نقوی، علامہ سید حسن رضا ہمدانی علامہ سید مظہر حسین نقوی ،سید حسین زیدی نجم عباس خان سید حسن کاظمی بھی موجود تھے۔