فیڈریشن آف پاکستان مبرز کی جانب سے زلزلہ متا ثرہ افغانیوں کیلئے امدادی سامان روانہ 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)افغانستان میں  تباہ کن زلزلے سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کیلئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس ، سارک چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے کروڑوں روپوں مالیت کا امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے ،پانچ ٹرکوں میں امدادی سامان نائب صدر سارک چیمبر حاجی غلام علی ، کمشنر پشاور ریاض خان محسود ، سرتاج احمد خان اور ریلیف کمیٹی کے چیئرمین سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی کی موجودگی میں افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ کے حوالے کیا گیا ۔ دو کروڑ روپے مالیت سے زائد کے امدادی سامان جس میں اشیاخوردونوش اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیاشامل ہیں کے پانچ ٹرک افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ کے حوالے کیے گئے جو بعد ازاں غلام خان بارڈر کے ذریعے افغانستان کے زلزلہ سے متاثرہ صوبے پکتیکا لے جائے گئے ۔ حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے دل کھول کر اپنے افغان بہن بھائیوں کی عید اچھی بنانے کے لیے یہ امدادی سامان بھیجا جارہا ہے اور اسکے بعد بھی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صاحب استعداد شہریوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ افغان بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ انکی مشکلات کو کم کرنے میں مدد مل سکے ۔ افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے FPCCI  اور سارک چیمبر اور بزنس کمیونٹی اور حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے برادر اسلامی ممالک اور بزنس کمیونٹی سے تعاون ملنے کی ضرورت ہے تاہم جو کردار اب تک پاکستان ، اسکی عوام اور بالخصوص بزنس کمیونٹی نے ادا کیا وہ لائق تحسین ہے ۔

ای پیپر دی نیشن