لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئے ہاسٹل کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اورہاسٹل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا،افسران نے نئے ہاسٹل کی تزئین وآرائش کے بارے میں بریفنگ دی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ ہاسٹل میں 200افراد کے قیام کی گنجائش ہوگی جس سے یہاں پر انٹرنیشنل ایونٹس بھی کرائے جاسکتے ہیں، بڑے سپورٹس ایونٹس کیلئے کھلاڑیوں کو یہاں قیام کرایا جائے گا، ہاسٹل میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو اور ان کی ساری توجہ سپورٹس پر ہی مرکوز رہے۔
، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہاسٹل کی تعمیر کا کام اعلی معیار کے مطابق کیا جائے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے پرانے ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رؤف باجوہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، بلال اکرم ایڈمنسٹریٹر نیشنل ہاکی سٹیڈیم ملک ناصر ودیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔