لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے خلاف سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی سکیورٹی ٹیم اگلے ہفتے پاکستان پہنچے گی۔ انگلینڈ کی سکیورٹی ٹیم ہوٹل کے اطراف اور سٹیڈیم کے راستے سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لے گی، سیریز کا انعقاد تین شہروں راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں ہونے کا امکان ہے تاہم ابھی تک اس کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ انگلش بورڈ کی سکیورٹی ٹیم ملتان کرکٹ سٹیڈیم کا بھی دورہ کرے گی کیونکہ پی سی بی کچھ میچز ملتان میں شیڈول رکھنے کا خواہاں ہے تاہم تین شہروں میں دو مقامات پر سیریز کھیلنے کی توقع کی جارہی ہے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 15 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ تین ہفتوں پر متشمل دورے کے دوران پاکستان 7 میچز کی میزبانی کریگا۔دوسری جانب انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے ستمبر میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز کے باعث اہم کھلاڑی سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہونگے۔
میچز کے وینیوز کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا‘سکیورٹی ٹیم ملتان کرکٹ سٹیڈیم کا بھی دورہ کریگی ‘پندرہ ستمبرکو آمد ‘اہم کھلاڑی دستیاب نہیں ہونگے : جوزبٹلر
Jul 06, 2022