لاہور‘ راولپنڈی‘ کامونکی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندہ خصوصی‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ وقائع نگار‘ این این آئی) لاہور‘ کامونکی‘ کراچی‘ پنڈی‘ اسلام آباد‘ چنیوٹ‘ چناب نگر سمیت متعدد شہروں میں بارش ہوئی۔ نالوں میں ڈوبنے‘ چھتیں‘ دیواریں گرنے‘ کرنٹ سے 21 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور دیواریں منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔ مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ڈیم کے قریب دو پچیاں برساتی پانی میں بہہ گئیں، شہر کے مختلف علاقوں میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔ راولپنڈی‘ اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ 5 گھنٹے جاری رہی۔ کراچی میں بارش کے باعث سندھ اسمبلی کی چھت ٹپکنے لگی۔ موٹر سائیکلیں بند‘ گاڑیاں خراب ہو گئیں۔ لوگ دھکے لگاتے رہے۔ منچلوں نے سڑکوں پر ڈبکیاں لگا کر مزے لئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سات جولائی کے بعد مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ راولپنڈی‘ اسلام آباد میں بارشوں سے نالے بپھر گئے۔ طغیانی کے باعث کورنگ نالے میں کوڑا چننے والے چار بچے جا گرے جن کو بچا لیا گیا۔ یہ سگے بھائی نام مصطفیٰ‘ دلاور‘ رفیع اﷲ‘ نور خان ہیں۔ تاہم بچوں کی مدد کرنے والا شہری ریلے میں بہہ گیا جس کی تلاش جاری ہے۔ گلیاں‘ سڑکیں تالاب بن گئیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج بھی جڑواں شہروں میں موجود ہے۔ لال حویلی کے اطراف میں پانی کا بڑا ریلا آگیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی 15 میں بارش سے کئی گاڑیاں بہہ گئیں۔ سیکٹر ایچ 13 ڈوب گیا۔ نشیبی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ بلوچستان تویہ اچکزئی میں سیلابی ریلا چرواہے اور 200 مویشی بہا لے گیا۔ تویہ ماکڑی‘ پشین‘ قلعہ عبداﷲ میں ریلوں سے سڑکیں‘ پل متاثر ہو گئے۔ 100 سے زائد مکانات‘ باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔ گیشری ندی میں 5 افراد بہہ گئے۔ دو جاں بحق اور دو کو بچا لیا گیا۔ سیالکوٹ نالہ لئی میں نوجوان ڈوب گیا‘ پانی کی سطح 18 فٹ بلند ہو گئی۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1745 فٹ ہو گئی۔ کراچی میں 200 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ مانسہرہ شہر، مضافات اور بالائی علاقوں میں منگل کو مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ وادی کونش، وادی سرن اور وادی ناران کے بیشتر علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارش سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی رہی۔ جبکہ ناران سے آگے دم ڈمہ اور سہوچ کے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے۔ موسم برسات کی پہلی موسلادھار بارش سے کامونکی پانی میں ڈوب گیا۔ موسلادھار بارش نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کے پول کھول دیا۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کئے جانے والے ناقص سیوریج کے نظام کے جواب دینے سے شہر برساتی پانی میں ڈوب گیا جس سے شہریوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے سے انکی قیمتی اشیاء ضائع ہوگئیں، کئی علاقوں میں دیواریں گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، البتہ موسلادھار بارش سے دھان کی فصل پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ کسانوں کے چہرے کھل کھلا اٹھے ہیں۔ ہزار گنجی سمیت گوہر آباد میں متعدد گاڑیوں سمیت مقامی لوگ بھی ریلے میں بہہ گئے جنہیں ریسکیو کر لیا گیا۔ کوئٹہ میں سریاب، ہزار گنجی، کلی گوہر آباد سمیت سریاب کے مختلف علاقوں میں کچے مکانات منہدم ہو گئے۔ مشرقی بائی پاس پشتون ڈیم نالہ سے ایک شخص کی نعش بھی ملی۔ گلگت بلتستان میں غذر کے گاؤں شیر قلعہ میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ زد میں آ کر چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈی سی کے مطابق متعددگھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئے۔ محکمہ برقیات کے ملازمین بھی لاپتہ ہو گئے۔ جبکہ 250 گھر زیرآب ہیں۔ کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دیکر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق میران شاہ میں مکان کی دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔ تحصیل سیدگی میں دو خواتین سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ شمال مشرقی اور وسطی بلوچستان میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ خانوزئی کے گاؤں دلپورہ میں بارش سے 8 گھروں کی چار دیواری گر گئی۔ ڈپٹی کمشنر ژوب کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقے قمر الدین میں طوفانی بارش سے دس گھر ریلے میں بہہ گئے تاہم لوگ محفوظ رہے۔ 100 گھروں کیلئے خیمے‘ رہائشی سامان کیلئے پی ڈی ایم اے کو کہہ دیا ہے۔ آواران میں بارشوں سے گھروں‘ فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ڈی سی آواران کے مطابق ایم ایٹ مختلف مقامات پر بہہ گئی۔ کوئٹہ‘ آواران‘ کراچی شاہراہ عارضی بند کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ شدت سے پاکستان میں داخل ہو رہا ہے‘ مون سون ہواؤں کا سلسلہ 24 سے 48 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔ آج رات سے جمعرات تک اسلام آباد‘ کشمیر‘ سوات‘ مانسہرہ‘ کوہستان‘ ایبٹ آباد‘ ہری پور‘ پشاور‘ مردان‘ صوابی کے علاوہ لاہور‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ حافظ آباد‘ فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
طوفانی بارش