بجلی 3مرحلوں میں 7.90روپے یونٹ مہنگی حکومت نے بھی منظوری دیدی 

Jul 06, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سا تھ معاہدے کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف 7روپے 91پیسے فی یونٹ بڑھانے کی مرحلہ وار منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ پہلا اضافہ 3روپے 50پیسے کا ہے، یکم جولائی سے بجلی 3روپے 50پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی، اگست سے بجلی مزید 3روپے 50پیسے فی یونٹ مہنگی ہو گی، اکتوبر سے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91پیسے فی یونٹ بڑھایا جائے گا۔ نیپرا نے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا جس کی اب منظوری دے دی گئی ہے۔ ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھی گئی۔ سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 38 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ اعدادو شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے  میں امریکی کرنسی کی قیمت 204 روپے 56پیسے سے بڑھ کر 206 روپے 94 پیسے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 207 روپے ہو گئی ہے۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں یکدم 1500 روپے اضافہ ہو گیا۔ سندھ صرافہ بازار  جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1500 روپے اضافے سے ایک لاکھ 42 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 1286 روپے اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 514 روپے ہو گئی ہے۔ ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس میں 245.62 پوائنٹس کی بدترین مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 41102.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.59 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 4 کروڑ 13لاکھ 88 ہزار 713 شیئرز کا لین دین ہوا۔ حصص مارکیٹ میں بڑی مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بجلی؍ ڈالر 

مزیدخبریں