مکہ مکرمہ (این این آئی+ آئی این پی) مناسک حج کا آغاز آج بدھ سے ہوگا۔ کرونا وائرس کے بعد پہلی بار 10 لاکھ عازمیں حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ غیر ملکی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر سے سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد مکمل ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ دوران حج مسجد الحرام کو دن میں 10 بار دھویا جائے گا اور ہر بار ایک لاکھ 30 ہزار لیٹر جراثیم کش محلول بھی استعمال کیا جائے گا۔ سعودی عرب نے 45 سال سے کم عمر کی خواتین کو بھی بغیر محرم حج کی اجازت دے دی۔ رواں سال غلاف کعبہ 9 ذی الحج کی بجائے یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔ حرمین شریفین کے امورکے نگراں ادارے کے مطابق غلاف کعبہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔ ہر سال نو ذی الحج کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا ہے تاہم رواں سال عازمین حج کی بڑی تعداد کے پیش نظر غلاف کعبہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ایک گھنٹے میں 72 ہزار حجاج کرام کو سفری سہولت فراہم کرے گی۔ 9 سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ایام حج میں 204 بوگیوں پر مشتمل 17 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
مناسک حج