اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے پنجاب ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کرکے 7 جولائی کو جواب طلب کر لیا ہے۔ الیکشن کمشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ یا حکومتی عہدیدار الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ان حلقوں میں کسی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔ الیکشن کمشن نے مذکورہ نوٹس وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف کے " روشن گھرانہ پروگرام " کے تحت بجلی صارفین کے لئے 100 یونٹ سبسڈی ریلیف پیکج کے حوالے سے دیا ہے۔ یاد رہے کہ ریلیف پیکج کا اعلان وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے 4 جولائی 2022 کو کیا گیا جبکہ الیکشن شیڈیول 25 مئی 2022 کو جاری کیا گیا تھا۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹھٹھہ جانے سے روک دیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری ہونے پر روکا گیا۔ وزیراعظم کو ٹھٹھہ میں واٹر سپلائی سکیم کے فور فیز ون کا افتتاح کرنا تھا۔ سندھ کے 14 اضلاع میں 24 جولائی کو بلدیاتی انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ٹھٹھہ نے وزیراعظم کو روکا ہے۔ شہباز شریف کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے ٹھٹھہ کا دورہ کیا تو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو گی۔
جواب طلب