کرونا 600نئے مریض عید الا ضحی کی نماز کھلے مقامات پر ادا کی جائے این سی او سی

اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھر میں کرونا ایک بار پھر منہ زور ہونے لگا ہے، مزید  600  سے زائد نئے مریض وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3.45  فیصد ریکارڈ کی گئی،این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 18 ہزار 950 کووڈ کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 653 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق کئی روز بعد کرونا میں مبتلا کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا جبکہ  162مریضوں کی حالت تشویشناک  ہے۔ جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید الاضحی سے متعلق  ہدایات  جاری کر دیں،جاری کردہ   ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کرونا کا پھیلائو روکنے کے لیے ہدایات پر عمل درآمد ناگزیر ہے، اور شہری عید الاضحی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں،ہدایات میں خبردار کیا گیا ہے کہ نماز عید کے دوران رش سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے، اس لیے نماز عید کی ادائیگی کھلے مقامات پر کی جائے، اور اس دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے،این سی او سی کے مطابق مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، رش سے بچنے کے لیے ایک مقام پر نماز عید کی الگ جماعتیں کرائی جائیں، علمائے کرام رش سے بچنے کے لیے نماز عید کے خطبات مختصر رکھیں، اور بزرگ، بچے اور بیمار افراد نماز عید کے لیے آنے سے گریز کریں، جاری کردہ ہدایات کے مطابق  فیس ماسک کے بغیر شہریوں کو عید گاہ آنے کی اجازت نہیں ہوگی، رش سے بچنے کے لیے عید گاہ کے متعدد داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی مقامات پر ہینڈ سینیٹائزر کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور شہری اس کا استعمال ضرور کریں،نماز عید کے دوران نمازیوں میں 6فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جائے، شہری عید گاہ آنے سے قبل وضو کا اہتمام گھر پر کریں، شہری جائے نماز اپنے ساتھ لے کر آئیں۔
کرونا

ای پیپر دی نیشن