لندن (یواین پی) ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار،22 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال، امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز اور آسٹر یلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری ہیں۔22 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے ہسپانوی کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہالینڈ کے حریف کھلاڑی بوٹک وین ڈی زنڈشلپ کو 4-6، 2-6، 6-7(6-8) سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے بھی ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، انہوں نے پری کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریلوی حریف کھلاڑی جیسن مرے کبلر کوسیدھے سیٹس میں 3-6، 1-6 اور 4-6 سے ہرا دیا۔ایک اور میچ میں آسٹریلیا کے ٹینس کھلاڑی نک کرگیوس نے بھی کوارٹر فائنل رائونڈ تک رسائی حاصل کرلی، انہوں نے چوتھے رائونڈ میں سخت مقابلے کے بعد امریکی ٹینس سٹار برینڈن ناکشیما کو شکست سے دوچار کر دیا۔ نک کرگیوس کی فتح کا سکور 7-6(7-2)،4-6، 3-6 اور 6-7(7-9) تھا۔ 27 سالہ نک کرگیوس نے میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ میں یونانی ٹینس سٹار اور فورتھ سیڈڈ سٹیفانوس کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا۔
نک کرگیوس گزشتہ سات سالوں میں اپنے پہلیمیگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچے ہیں۔کوارٹر فائنل رائونڈ میں رافیل نڈال کا مقابلہ ٹیلر فریٹز سے ہوگاجبکہ نک کرگیوس کا مقابلہ کرسٹین اگناسیو گارین سے ہوگا۔