وائٹالٹی بلاسٹ ٹی -20ٹورنامنٹ، پہلا کوارٹر فائنل آج

Jul 06, 2022

لندن (یواین پی) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام رواں برس جاری وائٹالٹی بلاسٹ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سرے،یارکشائر، برمنگھم ،ہیمپشائر، لنکا شائر،ایسیکس،سمر سیٹ اور ڈربی شائر کی ٹیمیں کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ چکی ہیں۔ وائٹالٹی ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل رائونڈ 6 جولائی سے شروع ہوگا۔پہلا کوارٹر فائنل میچ (آج) بدھ کو سرے اور یارکشائر کی ٹیموں کے درمیان اوول، لندن میں کھیلا جائے گا، دوسراکوارٹر فائنل میچ 8 جولائی کو برمنگھم اورہیمپشائر کی ٹیموں کے درمیان ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلا جائے گا،تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں لنکا شائر اور ایسیکس کی ٹیمیں 9 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ،مانچسٹر کے مقام پر نبردآزما ہوں گی جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ سمر سیٹ اور ڈربی شائرکی ٹیموں کے درمیان کاؤنٹی گراؤنڈ، ٹاونٹن میں کھیلا جائے گا۔یہ ایونٹ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے 2003 میں دنیا کی پہلی پروفیشنل ٹی -20 لیگ کے طور پر شروع کیا تھا۔ یہ انگلینڈ اینڈ ویلز میں ٹاپ لیول کا ٹی -20ایونٹ ہے جس میں 18 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہیں۔ وائٹالٹی ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ محدود اوورز کا فارمیٹ ہے جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔ وائٹالٹی ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ گروپ سٹیج ناک آئوٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا گیا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ 16جولائی کو کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں