اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کو بتائیں 2014 کے دھرنے کیوں دیئے تھے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز کہا کہ ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور دیوار سے لگانا بند نہ کیا گیا تو سب کچھ قوم کو بتاؤں گا۔ عمران خان بتائیں کہ کیا انہیں کوٹ لکھپت یا اڈیالہ میں بند کر دیا گیا ؟ کیا عمران خان کا اے سی اتار دیا گیا اور پنکھا بند کر دیا گیا یا ادویات بند کر دی گئیں ؟ لیکن عمران خان یہ سب کچھ اپنے مخالفین کے ساتھ 3 سال تک کرتے رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 458 کنال اراضی اہلیہ کے نام پر لی اور عمران خان نے 200 سے زائد کنال فرح کے نام پر لی۔ عمران خان کیا پوچھ گچھ سے پریشان ہو رہے ہیں ؟ اچھا ہے قوم کو بتائیں کہ 2014 کے دھرنے کیوں دیئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تو صرف سوالات پوچھے جا رہے ہیں کہ پنجاب سے اکٹھی ہونے والی رقم وزیر اعلیٰ ہاؤس جاتی تھی یا بنی گالہ ؟ اراضی اسکینڈل میں اقرار نامہ، رجسٹری سب موجود ہے جس میں 5 ارب روپے کا غبن کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بتائیں وہ 15 کلو ہیروئن کس کی ہے اور عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں میرے کیس کا سوموٹو لیں۔ اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے کڑی سزا دی جائے۔