پاک بحریہ کے 4ریئرایڈمرلز کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

Jul 06, 2023

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے چار ریئر ایڈمرلز کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل عبدالصمد نے 1990 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران انہوں نے کمانڈاور اسٹاف کی مختلف اہم تقرریوں پر خدمات سر انجام دیں۔ سب میرینز سکواڈرن کی کمانڈ اور نیول ہیڈکوارٹرز میں بطور ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن) شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل عبدالصمد پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں اور اس وقت کمانڈر این ایس ایف سی کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔ وائس ایڈمرل عابد حمید نے 1988 میں پاک بحریہ کی میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے شاندار سروس کیرئیر کے دوران کمانڈ اور سٹاف کے مختلف عہدوں پر فائض رہے۔ ان کی اہم تقرریوں میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان نیوی ڈاکیارڈ، جنرل منیجر شپ ری بلڈ اینڈ کنسٹرکشن اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف پروجیکٹس، ورکس اینڈ مینٹیننس شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل عابد حمیدپاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (مٹیریل) کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جاچکاہے۔ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے 1991 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا ۔ان کی اہم کمانڈ کی تقرریوں میں پاکستان نیوی ڈسٹرائر کی کمانڈ، کمانڈر ویسٹ اور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ شامل ہیں۔ ان کی نمایاں سٹاف تقرریوں میں چیف اسٹاف آفیسر ٹو کمانڈر پاکستان فلیٹ، اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (پلانز) اورڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(ویلفیئر اینڈ ہاو¿سنگ)شامل ہیں۔وائس ایڈمرل راجہ رب نواز پاکستان نیوی وار کالج لاہور اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیںاور اس وقت کمانڈر کوسٹ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جاچکاہے۔ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے 1991 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا ۔ان کی کمانڈ تقرریوں میں پاک بحریہ کے جہازوں اور25ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کی کمانڈ اور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ شامل ہیں۔ ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس اور ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیول سٹاف کالج امریکہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیںاوراس وقت بطور کمانڈر پاکستان فلیٹ خدمات سرا نجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
ترقی وائس ایڈمرل 

مزیدخبریں