منی لانڈرنگ کیس، چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی

Jul 06, 2023

لاہور (خبر نگار) بنکنگ جرائم کورٹ کے جج کے رخصت پر ہونے کے باعث ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کل 7 جولائی تک ملتوی ہو گئی۔ وکیل پرویز الٰہی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ پرویز الٰہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جا چکے ہیں۔ پرویز الٰہی سے کوئی تفتیش درکار نہیں ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الہٰی نے مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات کے حصول کیلئے درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں نگران حکومت، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے، آئی جی جیل، نیب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران حکومت بننے کے بعد سے درخواست گزار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے۔ اینٹی کرپشن کے کئی بے بنیاد کیسز سے ڈسچارج اور ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ ضمانت منظور ہونے کے بعد نامعلوم کیس میں دوبارہ گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ عدالت جیل حکام کو ملزم بکتربند گاڑی کی بجائے ہوا دار گاڑی میں عدالت پیشی اور حکام کو نامعلوم کیسوں میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری عبد العزیز نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الٰہی کا جوڈیشل ریمانڈ ختم کر نے کے خلاف اپیل پر فریقین کے وکلاءکو آئندہ سماعت پر حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔ دوران سماعت پرویز الٰہی کے سینئر وکیل کی عدم پیشی کہ وجہ سے التوا کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے مو¿قف اختیار کیا کہ اس کیس میں قانونی نقطے پر بات ہونی ہے کہ پہلی ہی تاریخ پر ملزم کو جوڈیشل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ماتحت عدالت نے پرویز الہٰی کو مشروط ضمانت دی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے پھر تو اس کیس کو زیادہ دیر تک التوا میں نہیں رکھا جا سکتا ہے، اگر جسٹس وحید خان اگلے ہفتے میں دستیاب ہیں تو انہیں کے پاس بھیج دیتا ہوں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ جسٹس وحید خان اگلے ہفتے میں پرنسپل سیٹ پر دستیاب نہیں ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ اپنے وکیل کی دستیابی کے بارے میں آج ہی بتائیں، کل یا پرسوں اس کیس کو سن کر فیصلہ کر دیتے ہیں۔
 پرویز الٰہی کیس

مزیدخبریں